ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں جنگلاتی مکینوں کی طرف سے زبردست احتجاجی مظاہرا؛ سمیتی کے صدر نے فوریسٹ آفسروں پرلگایا عدالتی فیصلے کی خلاف ورزی کرنے کا الزام

بھٹکل میں جنگلاتی مکینوں کی طرف سے زبردست احتجاجی مظاہرا؛ سمیتی کے صدر نے فوریسٹ آفسروں پرلگایا عدالتی فیصلے کی خلاف ورزی کرنے کا الزام

Fri, 11 Mar 2022 18:42:01    S.O. News Service

بھٹکل 11/ مارچ (ایس او نیوز)  جنگلاتی زمین پر آباد مکینوں کو بے دخل ہونے سے بچانے کے مقصد سے اتی کرام داروں کی طرف سے بدھ کو  ایک زبردست احتجاجی جلوس نکالا گیا ۔  بھٹکل سرکیوٹ ہاوس احاطہ سے نکل کر یہ جلوس نوائط کالونی میں واقع بلال ہال میں جلسہ کی شکل اختیار کر گیا ۔ اس موقع پر فوریسٹ آفسروں کے خلاف سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے  آتی  کرم ہوراٹا سمیتی کے  صدر نے  الزام لگایا کہ فوریسٹ آفسران  عدالتی احکام کی بھی خلاف ورزی کررہے ہیں۔

    بتایا جاتا ہے کہ اس پروگرام کی اطلاع پہلے سے ہی محکمہ جنگلات کے افسران دی گئی تھی اور ان سے جلسہ گاہ میں حاضر ہوکر اتی کرم داروں کا احوال سننے کی درخواست کی گئی تھی ۔ مگر جلسہ گاہ میں کوئی بھی محکمہ جنگلات کا  افسر موجود نہ ہونے پر حاضرین ناراض ہوگئے اور  محکمہ جنگلات کے نمائندے کو کسی بھی حالت میں موقع پر بلانے کی ضد پر اڑ گئے ۔ کافی ٹال مٹول کے بعد اے سی ایف بورئیا جلسہ گاہ میں پہنچ گئے ۔

    جنگلاتی زمین پر بسنے والوں کے حقوق کے لئے جدوجہد کررہی تنظیم کے صدر رویندرا نائک نے جنگلاتی مکینوں کو درپیش مسائل کی تفصیلات سامنے رکھیں ۔ قانونی جدوجہد کے تعلق سے ہوراٹا سمیتی کے صدر رویندرا نائک نے گزشتہ 20 برسوں سے جاری اپنی سرگرمیوں کا خلاصہ پیش کرتے ہوئے ضلع شمالی کینرا میں اتی کرم داروں اور جنگلاتی مکینوں کو درپیش مشکلات اور ہراسانیوں پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ جنگلاتی مکینوں کو بے دخل نہ کرنے اور انہیں ہراساں نہ کرنے کے تعلق سے عدالتی فیصلے اور احکام  ہونے کے باوجود افسران اس کی خلاف ورزی کر رہے ہیں ۔ جے ڈی ایس لیڈر عنایت اللہ شاہبندری نے ہوراٹا سمیتی کی جدوجہد کو مستحکم کرنے اور احتجاج کو موثر بنانے کی اپیل کی ۔  قومی سماجی ادارہ     مجلس اصلاح و تنظیم کے صدر ایس ایم پرویز اور جنرل سیکریٹری عبدالرقیب ایم جے نے اپنے خطاب کے دروان ہوراٹا سمیتی کی منظم اور متحدہ جدوجہد کے لئے اپنے ادارے کی طرف سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ۔

    محکمہ جنگلات کی نمائندگی کرتے ہوئے اے سی ایف  آفیسر بورئیا نے حاضرین کو بھروسہ دیا کہ وہ اپنے اعلیٰ افسران سے بات چیت کرکے آئندہ 20 دن کے اندر مقامی سطح پر درپیش مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جنگلاتی مکینوں کو کسی قسم کے خوف میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ جنگلاتی حقوق قانون کے تحت بھی محکمہ کی طرف سے پورا تعاون کیا جائے گا ۔

    موظف پروفیسر اے ایم ملا نے استقبالیہ پیش کیا ۔ کنوینر پانڈو رنگا نائک بیلکے نے ابتدائی خطاب کیا اور ضلع کنوینر دیوراج گونڈا نے شکریہ ادا کیا ۔
    اسٹیج پر توفیق بیری، شیو مراٹھی، روکما مراٹھی ، عبدالقیوم کولا، نذیر قاسمجی، لکشمی موگیر وغیرہ موجود تھے ۔


Share: